اندور،11نومبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) سابق مرکزی وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت تمام اقتصادی مورچوں پر ناکام رہی ہے ۔
چدمبرم نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ آج میں یہاں ایسے وقت میں آیا ہوں، جب مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ، لیکن آج ضرورت ایسے موضوعات پر بحث کرنے کی ہے جو مرکز اور ریاست دونوں کے لئے ضروری ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوٹ بندی مکمل طور پر جلدی میں کیا گیا فیصلہ ثابت ہوا۔ ممنوعہ کرنسی کا99فیصد سے زیادہ پیسہ بینکوں میں آ گیا۔ اس درمیان معیشت منہدم ہو گئی، جس کے بعد مجموعی شرح ترقی (جی ڈی پی) کی شرح میں عدم استحکام آیا ہے ، جس کے ضمنی اثرات کی وجہ سے چھوٹی صنعتوں کا دم ٹوٹ گیا۔ ملک کی معیشت سے نقدی غائب ہونے سے لوگ بے روزگار ہوئے ہیں۔
چدمبرم نے ملک کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج تقریباً تین کروڑ نوجوان روزگار کی تلاش میں ہیں۔ متبادل حل نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگاروں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔ جو ایک آتش فشاں جیسا مسئلہ بن چکا ہے ۔ پی چدمبرم نے مرکزی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ دو کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کر کے حکومت نے وہ سارے کام کئے جن سے روزگار کے مواقع تیزی سے ختم ہوئے ۔
چدمبر م نے مصنوعات و خدمات ٹیکس(جی ایس ٹی) کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کئی عملی خامیوں والا جی ایس ٹی ملک کے تاجر، پیشہ ور اور سروس فراہم کنندوں پر مسلط کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ جی ایس ٹی کاروباری لوگوں کے لئے مسئلہ بنا ہوا ہے ۔ دوسری طرف اس میں مقرر ہدف کے مطابق ٹیکس وصولی نہیں ہو پا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ6سال تک خود بی جے پی ہماری طرف سے لائے گئے متوازن جی ایس ٹی کی مخالفت کرتی رہی۔ جب مسٹر مودی کی حکومت آئی تو انہوں نے نامکمل جی ایس ٹی نافذ کر کے مسئلہ کھڑاکر دیا۔ انہوں نے کہاکہ یو پی اے حکومت کے وقت شرح ترقی8.5فیصد تھی، جس کے ارد گرد بھی موجودہ حکومت پہنچ نہیں سکی ہے ۔
انہوں نے ہندوستان کی سرمایہ کاری پالیسی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کی رفتار سست ہے ۔ کسانوں پر قرض بڑھ رہا ہے ۔چدمبرم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غیر منفعتی املاک (این پی اے ) میں اضافہ ہورہا ہے ۔ میرے دور حکومت میں بھی این پی اے تھا، یشونت سنہا کی مدت میں بھی این پی اے کا مسئلہ تھا، لیکن ہم نے مناسب اقدامات کر کے صورت حال کا کنٹرول کر رکھا تھا۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت آج تمام مالیاتی مسائل سے گھری ہوئی ہے ، جس کے حل کے لئے اقدامات کرنے میں حکومت دلچسپی نہیں لے رہی ہے ۔ حکومت کے پاس آج پیسہ نہیں ہے ۔ چدمبرم نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی نے ملک کے آئینی اداروں پر آج قبضہ کر لیا ہے ۔ جس سے صورتحال انتہائی خراب ہوتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس کی واپسی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس 29ریاستوں میں اتحاد کر رہی ہے ۔ ہم مہاگٹھ بندھن کر کے2019میں متحد ہوکر مسٹر مودی کو باہر کریں گے ۔
چدمبرم نے مدھیہ پردیش میں نقص تغذیہ ، جرائم، بدعنوانی کے الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو گھیرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں15 برسوں سے راج کر نے والے چوہان کے پاس اب کچھ نیا کرنے کی توانائی نہیں رہی ۔